نئی دہلی(گلف آن لائن)بھارتی ویکسین ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر این کے ارورا نے کہاہے کہ بھارت میں کورونا کی نئی لہر شروع ہوچکی ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ویکسین ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر این کے ارورا نے کہا کہ بھارت میں کورونا کی نئی لہر اومی کرون ویرینٹ کے سبب ہے۔بھارتی وزارت صحت کا کہنا تھاکہ بھارت میں چار دن میں کورونا کیسز دگنے ہوگئے، گزشتہ روز کورونا کے 58 ہزار 97 کیسز اور 534 اموات رپورٹ ہوئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں اومی کرون ویرینٹ کیکیسز کی تعداد 2 ہزار 135ہوگئی ہے، کرناٹکا میں ویک اینڈ کرفیو جبکہ بہار میں رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، بہار میں کورونا پابندیوں کا نفاذ 21 جنوری تک ہوگا۔ادھر بھارتی ریاست ہریانہ میں کورونا پابندیوں کے باعث دفاتر میں حاضری 50 فیصد تک محدود کردی گئی ہے جبکہ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں عوامی تقاریب پر پابندی اور رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، بھارتی ریاست کیرالہ میں بھی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔