صدر مملکت

ملک میں ای سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی،صدر مملکت

اسلام آباد (گلف آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں ای سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی، ہماری حکومت، یونیورسٹیاں اور کالجز یہ بات یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں کہ پاکستان پوری دنیا کو سافٹ ویئر ریسورسز فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وہ گلیکسی ریسرز کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ای سپورٹس ٹورنامنٹ کے آغاز کے موقع پر اپنے ورچوئل اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 2روزہ ای سپورٹس مقابلوں کے آرگنائزرز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستانی نوجوان شرکت کریں گے اور مستقبل میں ملک میں مزید سرمایہ کاری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ خصوصی ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری آ رہی ہے اور درحقیقت ویڈیو گیمنگ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعت میں یہ سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

انہوں نے گلیکسی ریسرز کے سربراہ شیخ احمد المکتوم اور ان کی پوری ٹیم کو پاکستان میں ای سپورٹس کے یہ مقابلے منعقد کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سرمایہ کاری سے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ صدر مملکت نے پاکستان میں خصوصی دلچسپی لینے پر شیخ احمد المکتوم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا بڑا اثاثہ ہیں اور ای سپورٹس کے ایسے مقابلوں میں پاکستانی نوجوان بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ ان مقابلوں کے بعد بھی پاکستان میں مزید ایسے مقابلے ہوں گے، پاکستان میں سپورٹس کی ترقی اور سافٹ ویئر رائٹنگ کیلئے ٹیلنٹ موجود ہے، ان مقابلوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی نوجوان درست راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت، یونیورسٹیاں اور کالجز یہ بات یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں کہ پاکستان پوری دنیا کو سافٹ ویئر ریسورسز فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، سافٹ ویئر کے اس ٹیلنٹ سے پاکستان اور دنیا بھر کو فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، گذشتہ چند سالوں میں، میں نے جن ممالک کا دورہ کیا وہاں کی حکومتوں نے اپنے ممالک میں انسانی وسائل کی ترقی کیلئے پاکستان کے تعاون کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین عامر ہاشمی کی قیادت میں سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کا اچھا پلیٹ فارم ہے، جب میں دبئی میں تھا تو میں نے سرمایہ کاروں سے اس شعبہ میں سرمایہ کاری کی درخواست کی کیونکہ اس شعبہ میں انکم ٹیکس، کسٹم اور ڈیوٹیز کی مد میں 10 سالہ استثنیٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز میں برک اینڈ مارٹر میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں آن لائن حقیقت مصنوعی ذہانت کا اہم حصہ ہو گی، ورچوئل رئیلٹی کیلئے بھی چپس ریاضی کیلکولیشن کیلئے بنیادی ستون ہے جو کہ نیورل نیٹ ورکس اور مصنوعی ذہانت کی ضرورت ہے۔

گیمنگ چپس درحقیقت مخصوص نیورل نیٹ ورکس کی طرف لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہیں جس کے ذریعے مصنوعی ذہانت دنیا پر غلبہ حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ میگا ایونٹ منعقد کرنے کیلئے اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے پر سرمایہ کار اور فنکار فخر عالم کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے عامر ہاشمی اور شرکاء کا بھی شکریہ ادا کیا جو پاکستان میں اس ایونٹ کی کامیابی کیلئے آرگنائزر کے ساتھ ہیں، اس سے نہ صرف پاکستان میں خوشحالی آئیگی بلکہ پاکستان گیمنگ اور سافٹ ویئر کے شعبہ میں دنیا میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس ایونٹ کے شرکاء کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔متحدہ عرب امارات کے شیخ احمد دلموک المکتوم نے پاکستان کے سب سے بڑے ای سپورٹس ایونٹ کا افتتاح کیا۔ ای سپورٹس کے ان مقابلوں میں 2 کروڑ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے جس میں مختلف گیمز کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے اور فائنلسٹس 2 کروڑ روپے کیلئے مقابلہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں