جاوید قصوری

بلدیاتی نظا م کا تسلسل ناگزیراس کو قانونی تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے، جاوید قصوری

لاہور (گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری بلدیاتی ایکٹ کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

سندھ کی صوبائی حکومت بلدیاتی ایکٹ کی آڑ میں مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔سندھ میں کالے قانون کو تسلیم کرنا عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ بلدیاتی قانون میں ترمیم کے لیے محض کمیٹی کا قیام کافی نہیں عملاً جلد از جلد اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میئر کو مکمل اختیارات دیئے جانے چاہییں ۔ پورے صوبے میں ایک ہی تناسب سے یونین کونسل کا قیام ناگزیر ہے۔

جماعت اسلامی نے گوادر سے لے کر سندھ اور خیبر پختونخواہ تک صرف اور صرف عوامی مسائل کا ہی اجاگر کیا ہے۔ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ۔ عوامی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ساری جدوجہد ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے ہے۔ ہم محنت کشوں کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے۔

پاکستان کے عوام نے دیکھ لیا ہے کہ ملک میں اگر کوئی حقیقی اپوزیشن ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں بلدیاتی نظام کو کسی بھی حکومت نے مضبوط نہیں ہونے دیا۔ حکومتیں عدالتوں کے احکامات پر نیم دلی کا مظاہرہ کرتی چلی آئی ہیں۔ پنجاب حکومت نے بھی جو بلد یاتی ایکٹ بنایا ہے وہ کنسلٹنٹ نے بنایا ہے۔ اس میں بلدیاتی نمائندوں کو شامل ہی نہیں کیا گیا۔ ہر دور حکومت میں حکمرانواں نے بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنے کی بجائے اس سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی ہے۔ بلدیاتی نظام کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں