لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کئی دہائیاں اقتدار میں گزار نے والوں کے پاس ملک و قوم کی بھلائی کا کوئی ایجنڈا نہیں،اپوزیشن جماعتیں لانگ مارچ کے نام پر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہی ہیںاس لئے اب وہ ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ،نواز شریف علاج کی غرض سے باہر گئے لیکن آج تک ایک بھی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع نہیں کرائی گئی جس کا نوٹس لیا جانا چاہیے ۔
ان خیالات کا اظہارانہوںنے حلقہ این اے 131کے مرکزی دفتر میں مرکزی رہنمائوں اور حلقے کے اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) چار دہائیاں اقتدار میں رہے اور بالآخرعوام نے انہیں مسترد کر کے تحریک انصاف کو موقع دیا ،جو چار دہائیاں حکومتوں میں رہنے کے باوجود ناکام رہے وہ تین سالہ دور والی حکومت کو ناکام قرار دے کر دوبارہ اقتدار حوالے کرنے کی معصومانہ خواہش کا اظہار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے اصلاحات پر مبنی جس نظا م کی بنیاد رکھی ہے انشا اللہ اس کے تسلسل سے پاکستان جلد ترقی کی منازل طے کرتا ہوا نظر آئے گا۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی والے حکومت کے خلاف نہیں بلکہ خود کو ایک دوسری سے بڑی اپوزیشن ثابت کرنے کے لئے سرگرمیاں کر رہے ہیںاس لئے حکومت کو ان کے مقابلے سے کوئی سروکار نہیں ۔ بد قسمتی سے اپوزیشن نے سارے عرصے میں ملک و قوم کی بھلائی کیلئے مثبت اور قابل عمل تجاویز دینے کی بجائے شو روغل کواپنامشغلہ بنائے رکھا جو انتہائی مایوس کن ہے ۔