لاہور(گلف آن لائن)چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کا ٹولہ سیاسی بقاء کیلئے فیس سیونگ کی تلاش میں ہے ،اگر یہ کرپشن ، لوٹ مار اورمنفی سیاست کی دہائیوں کی عادت کو ترک کرکے توبہ تائب ہو جائیں تو انہیں محفوظ راستہ دیا جا سکتا ہے ،پیپلزپارٹی سندھ حکومت کے وسائل کے ساتھ ”سمارٹ مارچ ”کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے لیکن عوام اب ان کی سیاست کاایندھن نہیں بنیں گے ۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کا کردار چور مچائے شور والا ہے،آپ اپنے مجرم بھائی کے ضمانتی ہیں ،آپ میں ذرا بھی اخلاقی جرات ہے تو سب سے پہلے اپنے وعدے اور زبان کی پاسداری کریں ،ضامن بننے والے کو قانون اور قوم کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) پنجاب اور پیپلز پارٹی سندھ سے ایک دوسرے کے مقابلے میں کرپشن ، لوٹ مار، دھونس دھاندلی کے برانڈ متعارف کراتے رہے ، پنجاب میں تو یہ سلسلہ بند ہو گیا ہے انشا اللہ اب سندھ کی طرف پیش قدمی جاری ہے اور وہاں بھی اسے منوں مٹی تلے دفن کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کب سے مارچ کے اعلانات کر رہی ہے لیکن ان کے پاس حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کا کوئی جوازنہیں ہے ۔