خالد مقبول صدیقی

پیپلز پارٹی اپنے پاکستان کو دولخت کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے، خالد مقبول صدیقی

کراچی (گلف آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پچھلے چودہ سالوں میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اور کراچی کو تباہ برباد کر دیا ہے ، ہم گزشتہ کئی سال سے پاکستان کے تمام اداروں کو یہ بتاتے رہے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے پاکستان کو دولخت کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے، ٹنڈوآلہ یار میں احتجاج کرنے والی ہماری ماں اور بہنوں پر لاٹھی چارج کیا جارہا ہے، کل ہمارے کارکن کو کھلے عام جدید اسلحے سے فائرنگ کر کے کورٹ کے باہر قتل کیا گیا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو ان قوم پرستوں کی جانب سے حالت جنگ میں رکھا گیا ہے، کیا پاکستان کے ان بیٹوں کو آہ بکاہ کی بھی اجازت نہیں ہے، کیا ان خواتین اور بچوں کو اپنے پیارے کا غم منانے کی بھی اجازت نہیں ہے؟ ، کل پوری رات ہمارے لوگوں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریوں کی جاتی رہیں، قتل بھی ہمیں کیا جارہا ہے اور گرفتار بھی ہم ہو رہے ہیں، کل پیپلز پارٹی کے لوگوں نے وہاں جلاو گھیرا کر کے ایف آئی آر ہم پر درج کروائی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کل جن دہشت گردوں نے قتل کیا ان کے گھروں پر کتنے چھاپے مارے گئے، کل احتجاج کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کا ملٹری ونگ سندھ پولیس ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سانحہ ہوچکا اب صرف اسکا انکشاف باقی ہے، سندھ حکومت ان تمام دہشت گردیوں میں معاون اور مددگار ہے، تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اسکی حب الوطنی پر بار بار سوالیہ نشان لگتا رہا ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ کہ شہری علاقوں پر بار بار ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے گئے، پچھلے چودہ سالوں میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اور کراچی کو تباہ برباد کر دیا ہے، ہمیں بتایا جائے کہ کس قومی مفاد میں پیپلز پارٹی کو لوٹ مار اور تباہی و بربادی کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں