لاہور( گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک و قوم کی بجائے اپنے خاندانوں اور حواریوں کی ترقی کیلئے سوچ بچار کی ، وزیر اعظم عمران خان نے اس روایت کو ختم کرکے وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑا ہے ، اسٹیٹس کو کی حامل قوتوں کو آئین و قانون کے دائرے میں لا کر عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی رہنما عبد الکریم کلواڑ کے ہمراہ حلقہ این اے 133کے دفتر میں پارٹی رہنمائوںاور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ذات اور سیاست کو ایک طر ف رکھتے ہوئے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں فیصلے کر کے مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم یا پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے اعلان سے حکومت ہرگز خوفزدہ نہیںکیونکہ ابھی تو خود اپوزیشن کومعلوم نہیں ہے کہ وہ لانگ مارچ کر سکیں گی یا نہیں ۔ پیپلز پارٹی کی پنجاب میں کوئی سیاسی طاقت نہیں جبکہ (ن)لیگ تقسیم در تقسیم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل وقت گزار لیا ہے اور اب بہتری کے واضح آثار نظر آرہے ہیں لیکن اپوزیشن کو یہ بھی ہضم نہیں ہو رہااور منفی پراپیگنڈاکیا جارہاہے ۔ انہوںنے کہا کہ سابقہ حکمران مخصوص ایجنڈے کے تحت احتساب کوانتقام کانام دے رہے ہیں ،جنہوں نے کئی دہائیاں حکومتیں کی ہیں سوال و جواب بھی انہی سے ہونا ہے اورجب پی ٹی آئی اپنے پانچ سال پورے کر لے توہم بھی اپنا حساب دینے کیلئے تیار ہیں بلکہ ہم حکومت میں ہوتے ہوئے آج بھی حساب دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بلدیاتی اداروںکو طاقتور اوربااختیار بنانے کے لئے موثرقانون سازی کی ہے اورجب ان اداروں کا قیام عمل میں آئے گا تو عوام کے مسائل بہتر طریقے سے ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں گے۔