محمد رضوان

اعزاز حاصل کرنے پراللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر کے خوشی ہوئی، محمد رضوان

کراچی(گلف آن لائن)آئی سی سی کی جانب سے کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے مستند بیٹسمین مین محمد رضوان نے کہا ہے کہ یہ اعزاز حاصل کرنے پراللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر کے خوشی ہوئی،میں بابر اعظم کو اور بابر اعظم مجھے اچھی طرح جانتے ہیں، دونوں کو ایک دوسرے کی بیٹنگ کی خامیاں اور اچھائیاں معلوم ہیں۔ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا کہ بھرپور محنت پر یقین رکھتا ہوں اور میں نے ہمیشہ صبر اور ہمت سے کام لیا، کبھی یہ نہیں سوچا کہ میرے ساتھ کیا ہوا، بس یہ سوچتا ہوں کہ اب مجھے کیا کرنا ہے، پی سی بی کا ایوارڈ ملنے پر بہت خوشی ہوئی تھی، اور اب آئی سی سی کی جانب سے اعزاز ملا جس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، دنیا بھر میں اپنے ملک کا نام روشن کرنے پر بہت خوشی ہوئی۔

محمد رضوان نے کہا کہ میں بابر اعظم کو اور بابر اعظم مجھے اچھی طرح جانتے ہیں، دونوں کو ایک دوسرے کی بیٹنگ کی خامیاں اور اچھائیاں معلوم ہیں، ہر ٹیم میں تجزیہ کار بھی موجود ہوتے ہیں، کمزوریاں جاننے کے باوجود بھی مخالف اچھی کارکردگی دکھا جاتا ہے، پچ کو مدنظر رکھ کر کارکردگی دکھانے کی کوشش ہوتی ہے۔وکٹ بلے باز نے کہا کہ پی ایس ایل سیون میں مقابلے دلچسپ ہوں گے، کوشش کروں گا کہ ملتان سلطانز کے لیے بہترین کارکردگی پیش کروں، اعزاز کا دفاع کرنے کی بات سے دباؤ ہوتا ہے، کوشش ہوگی کہ دفاع کو ذہن سے نکال کر اچھے انداز سے کھیلیں، میدان میں بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش ہوگی، ہر مقابلے کے لیے منصوبہ بندی کی جاتی ہے، کبھی کارکردگی اچھی اور کبھی بری ہو جاتی ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز وکٹ کیپر محمد رضوان نے کرکٹ کی تاریخ میں بے شمار ریکارڈز حاصل کرنے کے بعد آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں