اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی و وزیرِ مملکت علی محمد خان نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر سوال اٹھا دئیے اور کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں 17 فیصد عوام نے رائے دی، یہ 17 فیصد عوام کون تھے؟ کیسے رائے دی؟ یہ سوالیہ نشان ہے۔
گزشتہ روز ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن کے حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریکِ انصاف علی محمد خان نے کہاکہ کرپشن پاکستان کی تباہی کی بنیادی وجہ ہے، بڑے لیول کی کرپشن پر خان صاحب نے ایکشن لیے ہیں۔
علی محمد خان نے الزام عائد کیا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ عادل خان مسلم لیگ نون کے دور میں لگائے گئے، انہیں نون لیگ نے سربیا میں سفیر لگایا تھا۔پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی نے کہا کہ اس قسم کے سروے 100 فیصد حقائق پر مبنی نہیں ہوتے۔وزیرِ مملکت علی محمد خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خاتمے میں کچھ وقت لگے گا، نچلی سطح کی کرپشن زیرو نہیں ہوئی اور نہ کبھی ہو گی۔