پاکستان فٹبال

پاکستان فٹبال فیڈریشن پر عائد فیفا پابندی ختم ہونے کا امکان

لاہور(گلف آن لائن)فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت دوبارہ بحال کیے جانے کا امکان روشن ہوگیا۔باخبر ذرائع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت کی معطلی کا فیصلہ واپس لینے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔بیرون ملک سے واپس آنے والی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ امور فہمیدہ مرزا کی پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی سے بات چیت میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔وفاقی وزارت کی جانب سے حکومت پنجاب کو لکھے جانے والے خط میں کہا گیا کہ فیفا ہائوس کا قبضہ نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے کیا جائے۔

خیال رہے فیفا کی نامزد کردہ نارملائزیشن کمیٹی کو اشفاق حسین گروپ نے ہیڈ کوارٹرز سے بے دخل کردیا تھا۔بعد ازاں پیدا ہونے والی صورت حال پر فیفا نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بیرونی مداخلت کی بنیاد پر پاکستان فٹبال کو معطل کرکے انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت پر پابندی لگا دی تھی۔امکان ہے کہ انٹرنیشنل فٹبال میں پاکستان کی بحالی کا سفر جلد شروع ہو جائے گا اور نارملائزیشن کمیٹی الیکشن کروا کر پی ایف ایف کا چارج منتخب باڈی کے حوالے کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں