چودھری شجاعت حسین

اکیلے عمران خان کو مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہرانا زیادتی ہے، چودھری شجاعت حسین

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے صدرو سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اکیلے عمران خان کو مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہرانا زیادتی ہے، اس بحران میں بعض اندرونی و بیرونی عناصر بھی شامل ہیں جو پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، اس کی زراعت کو ٹارگٹ کر کے پورے ملک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے،

زراعت کو تباہ کر کے تمام چیزوں کو مہنگا کیا جا رہا ہے جس کے اثرات براہ راست عوام پر پڑتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مثالیں تو بہت دی جا سکتی ہیں لیکن صرف ٹماٹر کو ہی لیا جائے کہ کسان آڑھتی کو ٹماٹر 25 روپے کلو فروخت کرتا ہے، دوسرے دن وہی ٹماٹر مختلف ذرائع سے ہوتا ہوا بازار میں عوام کیلئے 150 روپے میں کلو فروخت ہوتا ہے جس کا دھچکا کسان کو پہنچتا ہے، پھر کہا جاتا ہے کہ کسان کو ہونے والے اس بھاری نقصان کا ذمہ دار صرف عمران خان ہے جو میرے خیال میں زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل کھاد کے بحران کی وجہ سے گندم کے مہنگا ہونے کا شور ہے جس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان سر اٹھائے کھڑا ہے، اس مصنوعی مہنگائی کے ذمہ دار ذخیرہ اندوز بھی ہیں، تمام ارکان اسمبلی کو چاہئے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کریں اور کھاد ریلیز کروائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں