پاکستانی چاول

پاکستانی چاول کی برآمدات میں 10 سے زائد کا اضافہ

کراچی(گلف آن لائن)رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستانی چاولوں کی برآمدات میں 10.73 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان نے ایک ارب 6 کروڑ 67 لاکھ ڈالرز سے زائد مالیت کے چاول برآمد کئے جب کہ گزشتہ برس اسی دورانیے میں چاولوں کی برآمدات سے 96 کروڑ 33 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کا غیر ملکی زرمبادلہ حاصل کیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان نے باسمتی چاولوں کی برآمدات سے 30 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز حاصل کئے جب کہ گزشتہ مالی سال اسی دورانیے میں اس کا حجم 22 کروڑ 83 لاکھ ڈالرز تھا۔

وفاقی ادارہ شماریات نے کہا کہ 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے دیگر چاول برآمد کئے جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 3.77 فیصد زیادہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق مقدار کے لحاظ سے پاکستان نے گزشتہ مالی سال کی پہلے 6 ماہ کے مقابلے میں رواں برس 12.54 فیصد زیادہ چاول برآمد کئے۔پاکستان نے رواں برس صرف دسمبر 2021 میں 24 کروڑ ڈالرز کی مالیت کے چاول برآمد کئے تھے جب کہ گزشتہ برس اسی مہینے میں 23 کروڑ 26 لاکھ ڈالر کے چاول برآمند کئے گئے تھے۔دوسری جانب دسمبر کے مہینے میں گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں پاکستان کے باسمتی چاولوں کی برآمدات میں 54 فیصد اضافہ دیکھا گیا جب کہ چاول کی دیگر اقسام کی برآمدات میں ساڑھے 7 فیصد کمی دیکھی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں