شاہد خاقان عباسی

تحریک عدم اعتماد آئے گی اور ماحول جلد تبدیل ہوگا،شاہد خاقان

اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انشااللہ تحریک عدم اعتماد آئے گی اور ماحول جلد تبدیل ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نام نہاد احتساب کے نام پر کیس کو چوتھا سال ہے، ہم 4 سال سے کیس بھگت رہے ہیں اور جج بھی پریشان ہیں، ہم تو ہر پیشی پر آتے ہیں اور کہتے ہیں کیمرے لگائیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لائی جاتی ہے اور نمبر پورے ہو جائیں گے، انشااللہ تحریک عدم اعتماد آئے گی، تحریک عدم اعتماد کی تشہیر نہیں کی جاتی، یہ تب لائی جاتی ہے جب نمبر گیم مکمل ہوں، انشااللہ جلد ماحول تبدیل ہوگا۔انہوںنے کہاکہ کون سا محکمہ نہیں جس میں کرپشن نہیں ہو، ادویات اسکینڈل چینی، گندم سمیت درجنوں اسکینڈلز ہیں، جو لوگ اربوں روپے کھا گئے ان سے بھی حساب ہوگا۔

شاہد خاقان نے کہا کہ اداروں کے افسران کو کہوں گا کہ قانون کے دائرے میں رہیں کیونکہ آرڈیننس ختم بھی ہوسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ حکمرانوں نے ملک کا ہر محکمہ تباہ کردیا ہے، دنیا میں 16 ممالک کو پاکستان نے کرپشن میں پیچھے چھوڑ دیا، یہ رفتار رہی تو عمران خان کی حکومت دنیا کی نمبر ون کرپٹ حکومت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں