خورشید شاہ

نوکریوں کا جھوٹا وعدہ کرنے پر عمران خان صادق امین نہیں رہے، ان پر مقدمہ درج ہونا چاہیے، خورشید شاہ

سکھر(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئررہنما سیدخورشید شاہ نے کہاہے کہ نوکریوں کا جھوٹا وعدہ کرنے پر عمران خان صادق امین نہیں رہے، ان پر مقدمہ درج ہونا چاہیے۔

منگل کو سکھر احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارا احتجاج لوگوں کو اٹھانا ہے۔ہمارا خاموش احتجاج ہوگا، مار دھاڑ والا احتجاج نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سبسڈی میں دیئے جانے والا آٹا، چاول اور دیگر اشیاء بھی نہیں مل رہی۔حکومت نے سوائے دھوکے کے لوگوں کو دیا ہی کیا ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، جب تک ملک میں مہنگائی اور بیروز گاری ہے، تب تک جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی ختم ہوسکتی ہے، جو لوگ چیختے روتے ہیں انہیں گھروں سے باہر آنا چاہئے، ہم نے تین سال آواز اٹھائی مگر کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی، سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا۔انہوں نے کہاکہ لانگ مارچ کا مقصد کسی کیلئے مسئلہ پیدا کرنا نہیں ہے، مقصد عمران خان سے جان چھڑانا ہے، پی پی کا احتجاج 27 فروری سے شروع ہوکر یکم مارچ کو سکھر پہنچے گا، عوام لانگ مارچ میں شریک ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں