مسرت جمشید چیمہ

وزیر اعظم عمران خان کے رابطہ عوام مہم کا سن کر اپوزیشن کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا اپنا اپنا ایجنڈا ہے ، یہ ایک دوسرے سے گلے بھی مل رہے ہیں اور بغل میں چھری بھی رکھی ہوئی ہے ، اپنے مفاد کیلئے یہ پیٹھ میں چھرا گھونپنے سے بھی دریغ نہیں کرتے اورثبوت کے طور پر ان کے ماضی قریب میں دئیے گئے بیانات موجود ہیں، وزیر اعظم عمران خان کے رابطہ عوام مہم کا سن کر اپوزیشن کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ساڑھے تین سال سے در بدر اور سڑکوں کی خاک چھان رہی ہے اور ا ن کے باقی ڈیڑھ سال بھی اسی مشق میں گزر جائیں گے ،انہوں نے جتنی بھی دھول اڑائی ہے یہ واپس ان کے اپنے چہروں پر پڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک حکومتیں کرنے اور ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والے یہ خواہش رکھتے ہیں کہ انہیں دوبارہ ملک کی باگ ڈور دیدی جائے تو عوام ایسا نہیں کریں گے،ان کے پاس سوائے کرپشن اور لوٹ مار کو فروغ اور ترقی دینے کے کوئی تجربہ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں تحریک عدم اعتماد لا سکیں گی اور نہ لانگ مارچ کر سکیں گی کیونکہ ان کی حالت اس وقت ”پلے نئیں دھیلہ،تے کر دی میلہ میلہ” والی ہے ۔اصل میںپیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) ایک دوسرے کو پچھاڑنے میں لگی ہوئی ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں