لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے لانگ مارچ یا عدم اعتماد کی سیاسی بڑھک سے ہرگز پریشان نہیں ہے ، اپوزیشن جماعتوں کو معلوم ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت کرے گی اس لئے انہوں نے احتجاج کے نام پر اصل میں آئندہ عام انتخابات کی سر گرمیاں شروع کر رکھی ہیں اوریہ ان کا حق ہے ۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر قیادت کی جنگ عروج پر ہے ،شہباز شریف اس لئے پھرتیاں دکھا رہے ہیں کیونکہ انہیں اربوں کے منی لانڈرنگ کے کیسز میں اپنا انجام واضح نظر آرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ پی ڈی ایم یا پیپلز پارٹی حکومت کیلئے ہرگزکوئی چیلنج نہیںبلکہ ہماری توجہ معیشت کو درست اورمہنگائی کو کم کرنے پر مرکوز ہے ۔
حکومت جس طرح کے اقدامات اٹھا رہی ہے قوی امید ہے کہ مہنگائی کی شرح بتدریج نیچے آئے گی ، اس کے ساتھ ساتھ حکومت غریب طبقات کی مدد اورانہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے بہت سے اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم اپنے قیام سے آج تک مشکلات کا شکارہے اورجس بیانیے پر اس کی بنیاد رکھی گئی اسے پذیرائی نہ ملنے کی وجہ سے اس کی سیاسی حالت بہت پرپتلی ہے ،اپوزیشن جماعتیں عام انتخابات تک وقت گزاری کیلئے پہلے آپ پہلے آپ کے فارمولے پر عمل پیرا ہیں اور یہ اصل میں فیس سیونگ کا طریقہ بھی ہے ۔