آئی ایم ایف

روپے کی بحالی کے لئے اقدامات کئے جائیں ورنہ اس پرسے عوام کا اعتماد اٹھ جائے گا،چیئرمین نیشنل بزنس گروپ پاکستان

ملتان ( گلف آن لائن) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے قرضے کے باوجود روپے پردباؤ کم نہیں ہوا اوراسکی قدرمسلسل گر رہی ہے جس سے بائیس کروڑعوام متاثرہورہے ہیں۔ روپے کی بحالی کے لئے اقدامات کئے جائیں ورنہ اس پرسے عوام کا اعتماد اٹھ جائے گا۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کی وجہ سے ترسیلات پراثرپڑرہا ہے جبکہ مہنگائی اوردیگرعوامل کی وجہ سے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ بھی سست روی کا شکارہوگئی ہے جس سے لوگ بے روزگار ہورہے ہیں۔ روس اوریوکرئین تنازعہ کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جس سے پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے تمام ممالک متاثرہورہے ہیں۔

پاکستان میں تیل کی قیمتیں ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح تک پہنچا دی گئی ہیں اور پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے نو روپے اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوگا اورمعیشت مذید سست روی کا شکارہوجائے گی۔ عالمی منڈی میں اجناس کی قیمتوں کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں ہے اورملک میں اہم فصلوں کی صورتحال بھی تشویشناک ہے جس سے فوڈ سیکورٹی کا مسئلہ سراٹھا رہا ہے جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹرکی پریشانی میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ آئی ایم ایف قرضہ کی بحالی سے روپے کی قدرمیں کچھ اضافہ ہوا تھا مگروہ چند روز کے لئے تھا جسکے بعد اسکی تنزلی کا سفردوبارہ شروع ہوگیا۔

پراپرٹی مارکیٹ کی سست روی کوختم کرنے کے لئے مرکزی بینک ہاؤسنگ لون پرشرح سود مسلسل کم کررہا ہے جس کا مقصد اس شعبہ کی بحالی ہے جسکی تائید کرتے ہیں مگر آئی ایم ایف اس شعبہ کیلئے خصوصی مراعات ختم کرنے پر زور دے رہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے مذید کہا کہ روس اوریوکرین کے تنازعے اورعالمی منڈی میں تیل اوراجناس کی قیمتوں کے بارے میں حکومت کچھ نہیں کرسکتی مگر زراعت میں اضافہ، گورننس بہتراورغیرضروری درآمدات کم کی جاسکتی ہیں جس سے روپے اورزرمبادلہ کے ذخائرکوسہارا ملے گا۔ پاکستان آنے والی ترسیلات میں کمی سے مسائل پیدا ہونا شروع ہوگئے ہیں کیونکہ ہنڈی اورحوالہ کا کاروباردوبارہ فعال ہورہا ہے اورموجودہ حالات میں اگلے دو تین ماہ تک مہنگائی میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی خبروں سے ملک میں سیاسی اوراقتصادی عدم استحکام مزید بڑھ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں