ہمایوں اختر خان

اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کے نام پر چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرنا چاہتی ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیرہمایوںاختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کے نام پر چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرنا چاہتی ہے ،اپوزیشن جتنی توانائیاں منفی سر گرمیوں پر صرف کر تی آرہی ہے اگر اس سے آدھی مثبت سرگرمیوں کیلئے استعمال میں لاتی تو شاید ان کی سیاست سکڑنے سے بچ جاتی ، اپوزیشن میدان میں آئے حکومت اس کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن اپنی گیڈر بھبھکیوں سے حکومت کو خوفزدہ کرنے چلی تھی لیکن وزیر اعظم عمران خان کے بھرپور مقابلے کے چیلنج سے الٹا یہ خوف کا شکار ہو گئے ہیں ۔ اپوزیشن کی ملاقاتوں میں سب اچھا نہیں ہے ، یہ متحد نہیں ہیںاور اس کی اطلاعات میڈیا میں بھی آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے ویسے تو عوام کے مینڈیٹ کا بہت ڈھنڈورا پیٹتے ہیں لیکن کیا تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ نہیں ملا ، اصل میںاپوزیشن کو اپنی سمت کا ہی معلوم نہیں کہ انہوں نے آگے کرنا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال بعد حکومت اور اپوزیشن دونوں انتخابی میدان میں اتریں گے اور عوام بہترین منصف ہیں وہ جو فیصلہ کریں گے وہ سب کو قبول ہوگا ۔ عام انتخابات سے پہلے اپوزیشن کی بے چینی یہ ظاہر کرتی ہے کہ انہوں نے ہوائوں کا رخ دیکھ لیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں