اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ شہباز شریف کی ایک دھیلے کی نہیں اربوں روپے کی کرپشن پکڑ ی گئی ہے ، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹس سے 4 ارب روپے نکلتے ہیں، مقصود چپڑاسی جیسے14 ملازمین مزید ہیں جن کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے ہیں،شہبازشریف اور آصف زرداری کے کیس انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہیں،ان کے کیسوں کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا کہ شہبازشریف کہتے ہیں میں نے دھیلے کی کرپشن نہیںکی، ایک نہیں بلکہ اربوں دھیلے کی کرپشن پکڑی گئی ہے۔
وزیرمملکت نے کہاکہ 17ہزارٹرانزیکشنز پکڑی گئی ہیں ، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹس سے 4 ارب روپے نکلتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مقصود چپڑاسی جیسے14 ملازمین مزید ہیں جن کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہبازشریف مختلف حیلوں بہانوں سے 9 بار التواء لے چکے ہیں،شہبازشریف اور آصف زرداری کے کیس انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہیں،ان کے کیسوں کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ انصاف میں تاخیر انصاف کا قتل ہے،7ارب کا ٹی ٹی کاکیس نیب میں چل رہا ہے، جب کسی طاقتور کو سزا ملے گی تو انصاف کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔
و زیر مملکت نے کہاکہ فرد جرم عائد ہونی ہو تو نئی درخواستیں دائرہوجاتی ہیں ،وکیل تبدیل کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ سسیلین مافیا اور گاڈ فادر ہیں، چوری نہیں کی تو ثبوت عدالتوں میں پیش کریں۔ فرخ حبیب نے کہاکہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ حمزہ اورسلمان شہباز کو کھلی چھوٹ دے رکھی تھی۔ انہوںنے کہاکہ ہر شہری کو رمضان شوگر ملز کا ملازم بنا دینا چاہئے تاکہ وہ ارب پتی ہوجائے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بینظیر کے بجائے آصف زرداری کا مشن آگے بڑھا رہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ ہم سے ساڑھے تین سال کا حساب مانگنے والے،سندھ کے 15سال کا حساب دیں۔
انہوںنے کہاکہ سندھ میں لوٹ مار کا بازار گرم،چوہے اربوں کی گندم کھا گئے، پاکستان تحریک انصاف سندھ کے عوام کی آواز بنے گی۔ انہوںنے کہاکہ سندھ حقوق مارچ کو بڑی پذیرائی مل رہی ہے، وزیراعظم کا عوام سے خطاب عوامی امنگوں کا عکاس ہوگا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ وزیراعظم اپنے خطاب میں ملکی مسائل اورعالمی چیلنجز پربات کریں گے۔