اسلام آباد (گلف آن لائن)ہائی کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017 میں آرڈیننس کے ذریعے ترمیم کے خلاف درخواست پر صدر مملکت کے سیکرٹری اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سابق چیئرمین یونین کونسل سردار مہتاب کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار کی جانب سے عادل عزیز قاضی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔
ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر 15 مارچ کو عدالت کی معاونت کی ہدایت کی ۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آرڈی نینس کے ذریعے کیا ترمیم کی گئی ہے؟ ،عادل قاضی ایڈووکیٹ نے کہاکہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے پبلک آفس ہولڈرز کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کا اہل بنایا گیا۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ترمیمی آرڈیننس حکومتی بدنیتی پر مبنی ہے، ترمیم کیلئے ہنگامی صورتحال نہیں تھی۔قاضی عادل عزیز ایڈووکیٹ نے کہاکہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت نے آرڈیننس کا ڈرافٹ پہلے ہی تیار کر رکھا تھا۔
انہوںنے کہاکہ حکومت نے پارلیمنٹ کا سیشن ملتوی ہونے کے فوری بعد ترمیمی آرڈیننس جاری کیا۔ درخواست گزار نے کہاکہ قانون سازی سے بچنے اور آرڈیننس کے اجرا کے لیے پارلیمنٹ کا سیشن ملتوی ہونے کا انتظار کیا گیا، قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ کے اجلاس کا انتظار کیا جا سکتا تھا۔