ہانیہ عامر

ہانیہ عامر اور علی رحمن کی فلم عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی

لاہور( گلف آن لائن)ہانیہ عامر اور علی رحمن کی فلم ”پردے میں رہنے دو ”کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے بھی عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ریلیز کئے گئے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی شادی شدہ جوڑے کے ہاں بچوں کی پیدائش نہ ہونے اور ان کے خاندان کی جانب سے بچوں کی پیدائش کی شدید خواہش کے گرد گھومتی ہے۔فلم ”پردے میں رہنے دو”کے ہدایتکار وجاہت رئوف نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فلم سماجی مسائل پر مبنی ہے جسے مزاحیہ انداز میں پیش کیا جائے گا ساتھ ہی فلم میں جذبات بھی شامل ہیں۔

ہدایتکار وجاہت رئوف اب تک تین فلمیں ریلیز کرچکے ہیں جس میں کراچی سے لاہور، لاہور سے آگے اور چھلاوہ شامل ہیں۔فلم کے ذریعے ہانیہ عامر لگ بھگ چار سال بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں، فلم میں علی رحمن اور ہانیہ عامر نے میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا ہے جن کی شادی کو چند سال گزر جانے کے باوجود ان کے ہاں بچوں کی پیدائش نہیں ہوتی۔ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ بچوں کی پیدائش نہ ہونے پر بیوی اپنے شوہر کو ٹیسٹ کرانے کا کہتی ہیں، جس پر وہ روایتی شوہروں کی طرح ناراض ہوجاتے ہیں۔فلم میں جاوید شیخ، یاسر حسین، حسن رضا، منزہ عارف، سعدیہ فیصل، سیفی حسن اور نور الحسن سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔پردے میں رہنے دو کی کہانی محسن علی نے لکھی ہے جبکہ اس کی پروڈیوسر شازیہ وجاہت ہیں،فلم میں وجاہت رئوف کے بیٹے عاشر وجاہت کو بھی بطور موسیقار شامل کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں