ہمایوں اخترخان

سمت کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے اپوزیشن بھٹکتے ہوئے بند گلی میں داخل ہو چکی ہے’ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن سیاسی اہداف حاصل نہ ہونے پر بد ترین خوف کا شکار ہے جو اس کے فیصلوں سے بھی عیاں ہو رہاہے ، سمت کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے اپوزیشن بھٹکتے ہوئے بند گلی میں داخل ہو چکی ہے ، تحریک انصاف ہرگز یہ خواہش نہیں رکھتی کہ اپوزیشن مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو اس لئے اپوزیشن کو اپنی اصلاح کرنی چاہیے ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کاکام مثبت تنقید کے ذریعے حکومتوں کی اصلاح کرنا ہوتا ہے لیکن بد قسمتی سے یہاں ساڑھے تین سالوں سے حکومت کی کامیابیوں پر صرف پراپیگنڈا کیا جارہا ہے جس کا مقصد عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے عزم اور وژن سے ملک کو مشکلات کی دلد ل سے باہر نکالا ہے لیکن اپوزیشن نے یہ طے کر رکھا ہے کہ اس نے ” میں نہ مانوں” کی گردان جاری رکھنی ہے ۔

اس طرح کی سیاست حکومت کیلئے نہیں بلکہ خود اپوزیشن کیلئے نقصان کا باعث ہے اور اسے عام انتخابات میں عوام کو اس رویے کا جواب دینا پڑے گا۔ انہوںنے کہا کہ عالمی حالات کی سنگینی سب کے سامنے ہے لیکن اپوزیشن اسے نظر انداز کر کے ملک میں عدم استحکام کیلئے کوشاں ہے جو ملک کی خدمت نہیں ہے ،عوام اپنی سیاست کیلئے ملک کے مفادات کو دائو پر لگانے والوں کا کڑا محاسبہ کریں گے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کی کسی تحریک سے ہرگز کوئی خطرہ نہیں اور انشا اللہ پانچ سال پورے کرنے کے بعد انتخابات میںجائیں گے اور دوبارہ اس سے زیادہ اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں