چینی وزارت خا رجہ

عالمی برادری کو امریکی حیاتیاتی عسکری سرگرمیوں پر تشویش ہے، امر یکہ کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کو تلف کرے، چینی وزارت خا رجہ

بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو طویل عرصے سے امریکہ کی حیاتیاتی عسکری سرگرمیوں پر تشویش ہے، امریکہ اپنی عسکری حیاتیاتی سرگرمیوں کی وضاحت کرے- چینی وزارت خارجہ کی یومیہ نیوز بریفنگ میں جمعرات کے روز امریکہ کی بائیو لیبز سے جڑے مسائل سے متعلق پوچھا گیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے اس حوالے سے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو طویل عرصے سے امریکہ کی حیاتیاتی عسکری سرگرمیوں پر تشویش ہے۔ امریکہ اپنے فورٹ ڈیٹرک اڈے اور بیرون ملک 336 حیاتیاتی تجربہ گاہوں میں کن کن سرگرمیوں میں مصروف رہا ہے ، عالمی برادری اس سے لاعلم ہے اور عالمی برادری کے جائز خدشات کو غلط معلومات سے تعبیر کرنا ذمہ دارانہ فعل نہیں ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری نے بارہا امریکہ سے کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کو جلد از جلد تلف کرنے کا کہا ہے لیکن یہ امر افسوسناک اور تشویشناک ہے کہ امریکہ نے دو مرتبہ اس اہم اقدام میں تاخیر کی ہے۔ چین نے ہمیشہ حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیاروں کی ترقی، ذخیرے یا استعمال کی سختی سے مخالفت کی ہے۔

ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں تمام متعلقہ فریق یوکرین، آس پاس کے علاقوں اور یہاں تک کہ پوری دنیا کے لوگوں کی صحت اور تحفظ کے تناظر میں متعلقہ تجربہ گاہوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ترجمان نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی عالمی ذمہ داریاں نبھائے، اپنی حیاتیاتی سرگرمیوں کی وضاحت کرے اور اپنے کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کو جلد از جلد تلف کرے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں