مسرت جمشید چیمہ

اپوزیشن نے کروڑوں کی سرمایہ کاری کے باوجود عدم اعتمادکی تحریک کی ناکامی کو بھانپ لیا ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(گلف آن لائن) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ وتحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن نے کروڑں روپے کی سرمایہ کاری کے باوجود عدم اعتمادکی تحریک کی ناکامی کو بھانپ لیا ہے اس لئے ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، اپوزیشن اپنی ناکامی کو دیکھتے ہوئے حواس باختہ ہو کر غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے جس سے ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلح جتھوں کو پارلیمنٹ لاجز میں تعینات کرنے سے دنیا میں پاکستان کے بارے میں کیا تاثر گیا ہوگا؟۔ اپوزیشن اراکین کو کوئی اغواء نہیں کر رہا بلکہ وہ آپ کی مفاد پرستی کی سیاست کا ایندھن بننے کے لئے تیار نہیں جنہیں آپ زبردستی اپنے حصار میں رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو معلوم ہے کہ کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کے باوجود یہ اپنی تحریک میں کامیاب نہیں ہو ںگے اس لئے منصوبہ بندی کے تحت سازش کر کے پر تشدد ماحول بنایا گیا اورپولیس کو اپنی رٹ قائم کرنے کے لئے حرکت میں آنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو لوگوں کو زبردستی چھانگامانگا او رمری لے جاتے رہے ہیں وہ دہائیوں بعد بھی اپنی گندی ذہنیت دکھارہے ہیں۔

ا نہوں نے کہا کہ کہ آنے والے دنوںمیں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا انتہائی اہم اجلاس ہونے جارہا ہے لیکن اپوزیشن ملک میں عدم استحکام کیلئے کوشاں ہے ۔ پاکستانی قوم وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہے اور پاکستان کی قسمت کو کھوٹا کرنے کی سازشیں کرنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں