ہمایوں اختر خان

اپوزیشن توانائیاں بچا کر رکھے ،انتخابات میںسیاسی طور پر پہلے سے زیادہ مضبوط عمران خان سے مقابلہ ہونا ہے ‘ ہمایوں اختر

لاہور( گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ خطے کی صورتحال اور مجموعی عالمی حالات کے تناظر میں اپوزیشن کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ،حکومت کی آئینی مدت 2023ء میں پوری ہونے جارہی ہے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن بے چین ہے ، مشورہ ہے کہ منفی سر گرمیوں کی بجائے عام انتخابات کیلئے اپنی توانائیاں بچا کر رکھیں کیونکہ ا ب آپ کا سیاسی طور پر پہلے سے زیادہ طاقتور اور مضبوط عمران خان سے مقابلہ ہونا ہے ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے اس لئے ہم سیاسی عدم استحکام کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ ایک طرف اپوزیشن کامیابی حاصل کرنے کی دعویدار ہے اور دوسری جانب اپنی منفی سر گرمیوں سے ہیجان کی کیفیت پیدا کرنے کی بھی سازشیں کر رہی ہے جو ان کی حالت نزاع میں پڑی سیاست کیلئے بھی سود مند نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اندازہ ہو جانا چاہیے کہ وزیر اعظم عمران خان جیسا پر عزم اورنڈر لیڈر ان کی منفی سر گرمیوں اور سازشوں سے ہرگز خوفزدہ ہونے والا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتی ہے لیکن ووٹ کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کیلئے تیا رنہیں ،اگر اسے اپنی مقبولیت کا اتنا ہی زعم ہے تو 2023ء کے عام انتخابات کتنے دور ہیں وہاں مقابلے پر آئے جہاں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں