رمیز راجہ

پنڈی ٹیسٹ کی پچ پر شائقین کرکٹ کی طرح میرے بھی تحفظات ہیں، رمیز راجہ

کراچی(گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجہ نے پنڈی ٹیسٹ کی پچ پر تبصرے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے گفتگو میرا حق ہے، میں پچ پر بات کیوں نہ کروں،پنڈی ٹیسٹ کی پچ پر شائقین کرکٹ کی طرح میرے بھی تحفظات ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کرکٹرز کے ساتھ ہوں اور ان کے پیچھے کھڑا ہوں، ہر چیز کو کرکٹر کی نظر سے دیکھتا ہوں، شائقین کرکٹ کی طرح میرے بھی تحفظات ہیں کہ کس حساب سے پنڈی ٹیسٹ کی وکٹ تیار کی یہ بتانا ضروری تھا۔رمیز راجہ نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ وکٹ میں جان ڈالی جائے، ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز اپنے نام کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا نے اپنی بہترین ٹیم پاکستان بھیجی ہے، 24 برس کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد پر شائقین کا جذبہ قابل دید ہے، ان میں جوش و خروش بھی نظر آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بڑے کھلاڑی ایکشن میں ہوتے ہیں تو شائقین بھی اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں، یہ امر خوش کن ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے، اس ضمن میں پاکستان نے بہت کوششیں بھی کی ہیں۔ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں ابھی بہت پیچھے ہے، ہمیں انفرا اسٹرکچر کے حوالے سے بہت سارے اقدامات کرنے ہیں، سندھ سے زاہد محمود اور شاہ نواز دھانی کی شکل میں بہترین ٹیلینٹ سامنے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے سے مزید باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کی کوشش کریں گے، اس کیلئے سندھ حکومت سے بھی مدد اور تعاون کی درخواست کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں