اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج کے گزشتہ سال فلسطینی صحافیوں پر 260سے زائد حملے

نیویارک(گلف آن لائن)صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے جرنلسٹس سپورٹ کمیٹی (جے ایس سی)نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ سال کے دوران فلسطینی صحافیوں کے خلاف 260 سے زیادہ حملے کیے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرنلسٹس سپورٹ کمیٹی (جے ایس سی)نے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے اور القدس کے رہائشی محلوں کے ساتھ ساتھ محاصرہ زدہ غزہ کی پٹی میں بھی صحافیوں کو نشانہ بنایا۔جرنلسٹس سپورٹ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ سال کے دوران اسرائیلی تشدد سے فلسطینی صحافیوں کی ایک بڑی تعداد زخمی ہوئی جبکہ بعض صورتوں میں تشدد کے باعث مستقل معذوری کا شکار بھی ہوئے۔

بیان میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ اسرائیلی حملوں نے صحافیوں کے پیشہ ورانہ کیریئر کو ڈرامائی طور پر متاثر کیا ۔جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی افواج فلسطینی شہریوں اور بالخصوص صحافیوں کے خلاف بین الاقوامی قانون کے تحت ممنوع گولہ بارود کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر کرتی ہیں۔بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اسرائیل فلسطینی صحافیوں کو مسلسل نشانہ بناتا ہے اور میڈیا کے عملے کو دہشت زدہ کرنے کے لیے ان پر ظلم کرتا ہے کیونکہ صحافی فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی حکومت کے جرائم کو بے نقاب کرتے ہیں۔

اپنے بیان میں کمیٹی نے فلسطینی، عرب اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ زخمی فلسطینی صحافیوں کے مصائب کو اجاگر کریں، انہیں مناسب طبی دیکھ بھال فراہم کریں اور اسرائیل سے بین الاقوامی اداروں خصوصا سلامتی کونسل کے سامنے اس کے صحافیوں کے خلاف جرائم کا محاسبہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں