ہمایوں اختر خان

قوم اب کرپشن کیساتھ چھانگا مانگا ،سندھ ہائوس طرز سیاست کیخلاف جدوجہد کیلئے بھی تیار ہے’ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پوری قوم اب کرپشن کے ساتھ چھانگا مانگا اورسندھ ہائوس طرز سیاست کے خلاف بھی جدوجہد کرنے کیلئے تیار ہے ،ملک میں کسی طرح کا آئینی بحران نہیں ،آئین کے کسی آرٹیکل کی تشریح کرنے کیلئے سپریم کورٹ ہی متعلقہ فورم ہے ،عمران خان کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے اور ان شا اللہ آئندہ عام انتخابات میں پہلے سے زیادہ اکثریت حاصل کر کے اس کا عملی ثبوت بھی دیں گے ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ کوئی بھی ممبرجو حلقے کے ووٹرز کے مینڈیٹ سے رو گردانی کرے گا اسے مستقبل کی سیاست میں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ اخلاقی سیاست کا تقاضہ ہے کہ وفاداریاںبدلنے کی بجائے حلقے کے ووٹر زکی امانت واپس کریں اور استعفیٰ دے کرنیا مینڈیٹ لے کرواپس آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اصولوں کی پاسداری کر کے قوم کو ایک نیا شعور دیا ہے ،جو لوگ سندھ ہائوس میںچھانگا مانگا طرز سیاست کا حصہ بنے ہیں انہیں ایک نہ ایک دن ضرور پچھتانا پڑے گا ۔

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جرات مندلیڈر ہیں اور اپوزیشن کے منفی ہتھکنڈوں کے سامنے ڈٹ کرکھڑے ہیں جس سے تحریک انصاف کی سیاست کوعوامی حلقوں میں مزید تقویت ملی ہے۔ پوری قوم متفق اور اس کیلئے تیار ہے کہ اب کرپشن کے ساتھ چھانگا مانگا اور سندھ ہائوس کی طرز سیاست کے خلاف بھی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی ذات کیلئے نہیں پاکستان کی قسمت سنوارنے کیلئے لازوال جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیںجب پاکستان اپنی حقیقی منزل کو حاصل کر ے گا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں