اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بیرونی سازش کے تحت حکومت کو ہٹایا جارہا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کیخلاف یہ چارج شیٹ ہے کہ انہوں نے کسی سے سمجھوتا نہیں کیا۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کیخلاف یہ چارج شیٹ بھی ہے کہ انہوں نے کاروبار نہیں کیا اور نہ کوئی مل کھولی۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ہیلتھ کارڈ دیا۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سینیٹر فیصل نے کہا تھا کہ عمران خان جا نہیں رہے عمران خان پہلے سے زیادہ مضبوط ہونے جارہے ہیں۔فیصل جاوید نے کہا کہ کپتان اپنی قوم کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، آخر تک مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، کبھی کپتان نے اپنی قوم کو مایوس کیا اور نہ قوم کپتان کو مایوس کریگی۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی کا اسپیکر اسد قیصر کی زیرِ صدارت شروع ہونے والا اجلاس ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔