صدر عارف علوی

صدر عارف علوی کی ایف بی آر کو غیر رجسٹرڈ چینی ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت

اسلام آباد (گلف آن لائن)صدر ِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ایف بی آر کو غیر رجسٹرڈ چینی ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے کہاکہ ٹیکس وصولی بڑھانے کیلئے چینی کے بڑے خریداروں اور غیر رجسٹرڈ ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔

صدر مملکت نے کہاکہ ایف بی آر کے پاس ڈیٹا کی دستیابی کے باوجود بھاری مقدار میں چینی کے خریدار ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں ، چینی کے غیر رجسٹرڈ خریدار ٹیکس ادائیگی کی قومی ذمہ داری ادا نہیں کررہے ۔صدر مملکت نے ایف بی آر کی وفاقی ٹیکس محتسب کی ہدایات کے خلاف درخواست مسترد کردی ۔محتسب نے پرائیویٹ شوگر ملز سے چینی کے غیر رجسٹرڈ خریداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا،گزشتہ چار سالوں کے دوران ملز نے مختلف غیر رجسٹرڈ خریداروں کو 2.7 ارب روپے کی چینی فراہم کی ۔

رپورٹ کے مطابق صرف تین خریداروں کے پاس قومی ٹیکس نمبر تھا، ایف بی آر نے ٹیکس کا دائرہ بڑھانے پر توجہ نہیں دی، شوگر ملوں کے پاس چینی کی سپلائی اور خریداروں کا ریکارڈ ہوتا ہے ، ایف بی آر شوگر ملوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے اور لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے میں ناکام رہا ۔رپورٹ کے مطابق محتسب نے چیف کمشنر،ایل ٹی او کراچی کو ہدایت کی کہ وہ غیر رجسٹرڈ افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرے ،ایف بی آر نے وفاقی ٹیکس محتسب کے حکم کے خلاف صدر مملکت کے پاس درخواست دائر کی تھی ۔ صدرمملکت نے کہاکہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز غیر رجسٹرڈ خریداروں کی معلومات اکٹھی کرنے میں چوکس نہیں،ایف بی آر ملوں کے ماہانہ سیلز ٹیکس گوشواروں پر مطمئن ہیں، ڈیٹا کی جانچ نہیں کی جا رہی ۔

صدر مملکت نے کہاکہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز شوگر ملوں کے ڈیٹا کا بروقت تجزیہ کرکے خریداروں کی تفصیلات حاصل کر سکتی ہیں، ایف بی آر کی اپنے فرائض کی ادائیگی میں سنگین غفلت اور نااہلی بدانتظامی کے مترادف ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ ٹیکس ادائیگی بڑھانے کیلے محتسب کی سفارشات کو پوری چینی کے شعبے پر لاگو کیا جائے ۔ صدر مملکت ہدایت کی کہ ایف بی آر 60 دنوں میں ٹیکس محتسب کو عملدرآمد کی جامع رپورٹ پیش کرے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں