اسلام آباد(گلف آن لائن):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے بتایا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران پاکستان کی فرنیچر کی برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 111.59 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جمعرات کو جی ایم انٹیریئرز کے نوید محی الدین کی قیادت میں فرنیچر برآمد کنندگان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی برآمدات کا حجم 7,141 ملین روپے تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 3375 ملین روپے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فرنیچر اپنے جدید ڈیزائنوں کے بل پر عالمی منڈیوں میں جگہ بنانے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے اور برآمدات میں نمایاں حصہ ڈال سکتا ہے تاہم اس کی برآمدات کو مزید بڑھانے کے لیے مراعات اور سہولیات کے پیکج کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بھرپور تعاون کرے تو اگلے پانچ سالوں میں فرنیچر کی برآمدات کا حجم 5 بلین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں فرنیچر کا شعبہ ترقی کرے گا اور مزید پھلے پھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے حکومت سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں کہ وہ برآمدات کے حجم کو بڑھانے کے لیے تاجروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔