سیالکوٹ (گلف آن لائن)سیالکوٹ میں سی آئی ٹی گرائونڈ میں پی ٹی آئی کے جلسہ کرنے پر مسیحی برادری نے شدید احتجاج کیا ہے جس کے بعد پی ٹی آئی کو جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کر نا پڑا ۔
مسیحی برادری نے کہاکہ یہ ہماری عبادت کی جگہ ہے، اسے جلسے کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا، ان لوگوں میں اتنی شرم نہیں کہ یہ عبادت گاہ کو جلسہ گاہ بنا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم اپنی جانیں قربان کر دیں گے لیکن یہاں جلسہ نہیں ہونے دیں گے، عمران خان کے لئے پیغام ہے کہ ہم اقلیتی ضرور ہیں جانور نہیں کہ جس طرح چاہو گے گھسیٹو گے۔ مسیحی برادری نے کہاکہ یہ جگہ ہماری عبادت گاہ ہے، جلسہ ہوگا تو ہماری لاشوں سے گذر کر ہوگا، کیا یہ بات درست ہے کہ کسی عبادت گاہ پر جلسہ کیا جائے؟ ۔
مسیحی برادری نے کہاکہ سیالکوٹ میں سی آئی ٹی گرائونڈ مسیحی برادری کی ملکیت ہے،مسیحی برادری نے پی ٹی آئی کے جلسے کے خلاف عدالت میں کیس دائر کیا،عدالت نے انتظامیہ کو گرائونڈ خالی کرانے کا حکم دیا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی پنجاب کے صدر شفقت محمود نے سینیٹر اعجاز چوہدری کے ہمراہ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔شفقت محمود نے کہا کہ جلسے کرنا ہمارا جمہوری حق ہے لیکن ہمارے پرامن لوگوں پر تشدد کیا گیا، خواجہ آصف کے کہنے پر انتظامیہ نے تشدد کیا ہے۔انہوںنے سیالکوٹ میں وی آئی پی کرکٹ گراؤنڈ میں جلسہ کا اعلان کیا ۔پی ٹی آئی پنجاب کے صدر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو کہا ہے عثمان ڈار اور دیگر کو رہا کیا جائے۔