اسلام آباد (گلف آن لائن)جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں شرپسند بلوائیوں کے جتھوں نے جو فساد بر پا کیا ہے میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی عدالتِ عظمیٰ نے ایگزیکٹیو کی امن وامان بر قرار رکھنے کی پالیسی کو غیر مؤثر کردیاجس سے عدالت کی طرف سے پی ٹی آئی کو سہولت کاری دینے کا تاثر پیدا ہوا تاہم اب اس پر عدالت کو اپنی پوزیشن واضح کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اب اس تاثر کو زائل کرنے کے لیے سپریم کورٹ مؤثر اقدامات کرے اور پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے عدالت عظمی میں کیے گئے وعدوں سے انحراف پر پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرے اور سپریم کورٹ اپنی نگرانی اور اپنی مدعیت میں ان بلوائیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائے تاکہ آئین اور قانون کے تقاضے پورے ہوں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدالتِ عظمی کی طرف سے پی ٹی آئی کو سہولت دینے کا تاثر زائل ہو ورنہ پاکستان کی تاریخ کا یہ فساد اور بلوے کا تاریک اور سیاہ باب ہمیشہ سپریم کورٹ کی طرف منسوب رہتے ہوئے اس کے وقار میں کمی کا سبب بنتا رہیگا۔