کابل(گلف آن لائن)افغانستان میں تین ہوائی اڈوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے ملک میں برسرِ اقتدار طالبان اور متحدہ عرب امارات کی ایک کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق طالبان کی عبوری حکومت کے نائب وزیرِ اعظم ملا عبدالغنی برادر اور دیگر حکام کی موجودگی میں گذشتہ روز معاہدے پر دستخط کیے گئے۔طالبان حکومت کے عبوری نائب وزیرِ اعظم نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہوائی اڈوں کی گرائونڈ سروسز کا معاہدہ طے پا گیاہے ۔ یو اے ای کی کمپنی جی اے اے سی، کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ، قندھار اور ہرات کے ہوائی اڈوں کی گرائونڈ سروسز سنبھالے گی۔معاہدے کے موقع پر ملا عبدالغنی برادر کا کہنا تھا کہ امارات اسلامی افغانستان ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام بین الاقوامی ایئرلائنز سے معاہدے کے ساتھ طالبان افغانستان میں امن لائیں گے جس سے تجارت میں اضافہ ہوگا۔ طالبان حکام کا کہناتھا کہ جے اے اے سی کمپنی اور سابق حکومت کے درمیان ہوئے معاہدے میں ترمیم کی گئی تھی اور اس پر گزشتہ روز کابل میں دستخط ہوئے ۔ رپورٹس کے مطابق اس تقریب میں طالبان کے عبوری نائب وزیرِ اعظم ملا عبد الغنی برادر اور جی اے اے سی کے سربراہ رزاق اسلم محمد عبد الرازق سمیت دیگر حکام موجود تھے۔معاہدے پر دستخط کے موقع پر ملا عبدالغنی برادر کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے اور طالبان ممالک کو کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضمانت دیں گے اور انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ کابل اور دیگر دنیا کے درمیان راستے کھولے گا اور تاجروں اور دیگر لوگوں کو افغانستان سے اپنے ملک واپس جانے میں تحفظات نہیں ہوں گے۔