اسپیکر قومی اسمبلی

پاکستان کی پارلیمان سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے دلچسپی لے رہی ہے،اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (گلف آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمان سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے دلچسپی لے رہی ہے،بالخصوص بلوچستان اور بالعموم پورے میں سی پیک منصوبوں کے ذریعے خوشحالی آئیگی،سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے پروپیگنڈہ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا،دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ کو ایک دوسرے سے مثبت خبروں کا تبادلہ کرنا چاہیے،سی پیک کے حوالے سے غلط خبروں اور پروپیگنڈوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

جمعرات کو یہاں ساتویں سی پیک میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان 71 سالہ اسٹرٹیجک تعلقات ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین مشکل حالات کے دوست ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو چین پاکستان تعلقات کے معمار ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے دورے کئے۔ انہوںنے کہاکہ مارچ 2013 میں گوادر پورٹ کو چین کے تعاون سے آپریشنلائز کیا گیا،سی پیک کے ذریعے درجنوں انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے منصوبے مکمل کئے گئے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ مشرق وسطیٰ، افریقہ اور یورپ کے ساتھ رابطہ کاری کیلئے گوادر پورٹ اہم ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی پارلیمان سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے دلچسپی لے رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی پارلیمان اس حوالے سے اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ بالخصوص بلوچستان اور بالعموم پورے میں سی پیک منصوبوں کے ذریعے خوشحالی آئیگی۔ انہوںنے واضح کیا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے پروپیگنڈہ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہںنے کہاکہ میڈیا کی بھی ذمہ داری وہ سی پیک کے حوالے سے جعلی خبروں کو جگہ نہ دے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ کو ایک دوسرے سے مثبت خبروں کا تبادلہ کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک کے حوالے سے غلط خبروں اور پروپیگنڈوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔تقریب سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو پیغام میں کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو نے کردار ادا کیا،محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو آگے بڑھایا۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ تمام مشکل حالات بالخصوص کورونا وبا میں چین نے پاکستان کے ساتھ تعاون کیا، چین نے پاکستان کو کورونا وباء کی روک تھام کیلئے مفت ویکسین اور آلات فراہم کئے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاکہ 2014 سے میڈیا فورم کا انعقاد کیا جاتا ہے، چین کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اس فورم کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ چین نے کورونا وباء کے دوران ویکسین، آلات نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو فراہم کئے۔ انہوںنے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو نے چین پاکستان تعلقات کو نئی جہت دی، پیپلز پارٹی کی قیادت نے پاک چین تعلقات کی بہتری اور پاکستان کی ترقی کیلئے اقدامات کئے۔ مشاہد حسین سید نے کہاکہ پاکستان یہ یقین رکھتا ہے چین پاکستان کا اسٹرٹیجک شراکت دار ہے۔ انہوںنے کہاکہ گوادر پاکستانی معیشت کا اہم جزو ہے اور چین گوادر کی ترقی کا کردار ادا کررہا ہے۔

مشاہد حسین سید نے کہاکہ پاکستان میں فیڈریشن کے تحفظ کیلئے سی پیک کا کردار ہے۔ سابق وزیر نے کہاکہ سی پیک کے ذریعے پاکستان کے عوام کا طرز معاشرت تبدیل ہورہا ہے۔چینی ناظم الامور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سی پیک کے ذریعے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی، میڈیا کی خبروں کے ذریعے چین پاکستان تعلقات میں مزید تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ چینی ناظم الامور نے کہاکہ معاشی اور اسٹرٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے روابط کو بڑھایا جارہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ سی پیک منصوبوں پر 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ سرمایہ کاری سے پاکستان کے روڈ انفراسٹرکچر میں بہتری آئی ہے۔ چینی ناظم الامور نے کہا کہ تین ہزار سولر پینلز گوادر میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے دیئے گئے، کھارے پانی کو پینے کے قابل بنانے کیلئے پلانٹ لگائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں