بشری انصاری

بشری انصاری کا عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا حکم واپس لینے کا مطالبہ

کراچی (گلف آن لائن)پاکستانی سینئر اداکارہ و میزبان بشری انصاری کی جانب سے رکنِ قومی اسمبلی و ٹی وی اینکر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا حکم واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔بشری انصاری نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے سوشل میڈیا کو ایک بلا قرار دیا ہے اور عامر لیاقت کے لواحقین (اولاد)سے اظہارِ افسوس کیا ہے۔بشری انصاری نے کہا کہ عامر لیاقت کا یوں دنیا سے اچانک جانا ان کے دوستوں سمیت دشمنوں کو بھی دکھی کر گیا ہے، یوں تو سب ہی نے جانا ہے مگر جس انداز سے عامر لیاقت گئے ہیں خدا کرے کہ ایسا کسی دشمن کے ساتھ بھی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے دیکھا کہ کیسے ایک انسان نے شہرت کا عروج دیکھا پھر زوال بھی دیکھا، سب کا کہنا ہے کہ یہ سب ان کی غلطیوں کا نتیجہ تھا، عامر لیاقت کی غلطیوں کو سوشل میڈیا نے بھی خوب اجاگر کیا۔

بشری انصاری نے کہا کہ ہم خود پر توجہ دینے کے بجائے دوسروں پر زیادہ نظر رکھتے ہیں، ہمیں سکھایا جاتا ہے کہ دوسروں کا پردہ رکھو مگر ہم ایسا نہیں کرتے بلکہ لوگوں کر برباد کر کے انہیں موت کے کنویں میں دھکیل دیتے ہیں۔بشری انصاری نے کہا کہ پھر کہوں گی کہ غلطیاں زیادہ عامر لیاقت کی تھیں اور اپنی غلطیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھی انہی نے بھگتا ہے، یہاں تک کہ ایک شخص اپنی غلطیوں کے سبب مر گیا، اب اسے بخش دیجئے۔بشری انصاری نے کہا کہ اب ایک عام شہری نے شہرت کی خاطر پوسٹ مارٹم کی درخواست دے دی ہے، ان کے بچے نہیں چاہتے کہ انہیں طعنے ملیں یا کوئی انہیں ان کے والد سے متعلق کوئی بات کہے تو کیوں پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے۔

بشری انصاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسی لیے میں مجسٹریٹ سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ جو ایک عام شہری بہت خاص بن گیا ہے اسے ایک طرف کر کے عامر لیاقت کے بچوں کی سنیں، کیوں کہ اس وقت سب سے زیادہ متاثر ہی وہ ہو رہے ہیں۔بشری انصاری نے کہا کہ اب عامر لیاقت چلے گئے ہیں اب انہیں بخش دیجئے اور پوسٹ مارٹم والے حکم پر نظرِ ثانی کریں اور اِن آرڈرز کو واپس لیں۔دوسری جانب اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ سپرد خاک کے بعد قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم قبیح عمل ہے، اللہ تعالی عامر لیاقت کے درجات بلند کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں