لاہور(گلف آن لائن)انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کے18 رہنمائوں کے خلاف توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں عبوری ضمانتوں میں 5 اگست تک توسیع کر دی، عدالت میں پیش نہ ہونے پر اعجاز چوہدری کی عبور ی ضمانت خارج کر دی گئی ۔لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں تحریک انصاف کے رہنماوں کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی ۔پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، حماد اظہر، یاسر گیلانی، زبیر نیازی، عندلیب عباس، جمشید چیمہ، مسرت جمشید چیمہ ، شفقت محمود ،شیخ امتیاز، اسلم اقبال، محمود الرشید، ندیم عباس، مراد راس، اکرم عثمان اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے ۔
عدالت نے پیش ہونے والے ملزمان کی عبوری ضمانتوںمیں5اگست تک توسیع کرتے ہوئے وکلاء کو حتمی دلائل کیلئے طلب کرلیا ۔ملزمان نے عدالت میں کیس سے انسداد دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست بھی جمع کروا دی۔عدالت نے زبیر نیازی، شیخ امتیاز، میاں اکرم عثمان اور اعظیم افضال کے شامل تفتیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ ملزمان کو فوری شامل تفتیش کیے جانے کا حکم دیا، جس پر زبیر خان نیازی اور دیگر کے بیانات فوری ریکارڈ کیے گئے۔سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر کو عدالت کے باہر ملزمان کے بیانات قلم بندکرنے کی ہدایت کی اور ملزمان کے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کی۔عدالت نے اعجاز چوہدری کی عبوری ضمانت کی درخواست ان کے پیش نہ ہونے پر خارج کر دی۔اعجاز چوہدری کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔