اسلام آباد(گلف آن لائن)وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روح کے مطابق ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پارٹی قائد ہی پارلیمانی پارٹی کی منظوری دیتا ہے ،سپریم کورٹ کی فل یا لارجر بینچ بنانے کی درخواست قانونی حق ہے ۔
شازیہ مری نے کہاکہ قاسم سوری کی غیر آئینی اور غیر قانونی رولنگ پر بھی 5 ججز نے فیصلہ سنایا تھا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی سیاست گالی ،دھمکی اور دباؤ ڈالنے تک ہے ، پی ٹی آئی کے چار معاشی ماہرین نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا شکار کر دیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دن رات محنت کرکے ملک کو عالمی تنہائی سے نکالا۔ شازیہ مری نے کہاکہ عمران خان کے اقتدار میں ملک عملی طور ڈیفالٹ ہو چکا تھا ،عمران کی نااہلی کی وجہ سے ملک کو سری لنکا جیسا خطرہ ہو سکتا تھا۔
انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی نے نہ صرف قوم کو اندھیرے میں رکھ کر معاہدے کیئے بلکہ مالیاتی اداروں کو بھی دھوکا دیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وقت بتائے گا کہ عمران خان کا اصل ایجنڈا صرف تباہی کرنا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ 11 سو ارب کے این آر او کی بات نئی طوطا کہانی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے صرف ایل این جی کی خریداری پر قومی خزانے سے ساڑھے 6 سو ارب روپے لوٹے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کے مالی سہولت کاروں نے زرعی کھاد کا بحران پیدا کرکے لوٹ مار کی۔