پی سی بی

پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن 23ـ2022 کا کیلنڈر جاری کردیا

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 23ـ2022 کا کیلنڈر جاری کردیا ہے،سینئر کرکٹ سیزن کا آغاز 33 میچز پر مشتمل نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سے ہوگا۔ راولپنڈی اور ملتان میں کھیلا جانے والا یہ ٹورنامنٹ 30 اگست سے 19 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس طرز کی کرکٹ میں سیکنڈ الیون ٹیموں پر مشتمل کرکٹ ایسوسی ایشنز کپ 2 سے 15 ستمبر تک کوئٹہ میں کھیلا جائیگا۔قائداعظم ٹرافی 27 ستمبر سے 30 نومبر تک کھیلی جائے گی۔ ٹورنامنٹ کے 31 میچز ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سیکنڈ الیون ٹیمیں بھی انہی شہروں میں منعقدہ کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ میں 27 ستمبر سے 23 نومبر تک مدمقابل آئیں گی۔ سیزن کا اختتام پاکستان کپ سے ہوگا۔ 33 میچز پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 10 دسمبر سے 3 جنوری تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔ سیکنڈ الیون ٹیموں کا کرکٹ ایسوسی ایشنز چیلنج بھی 10 سے 29 دسمبر تک کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

30 اگست سے 3 جنوری تک جاری رہنے والے 127 دنوں پر مشتمل اس سیزن میں کْل 187 میچز کھیلے جائیں گے۔اعلامیہ کے مطابق چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سیکنڈ الیون ٹیموں کے مابین کرکٹ ایسوسی ایشنز کپ اب ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائیگا لہٰذا اس ایونٹ میں اب ہر ٹیم 10 میچز کھیلے گی۔ اس سے قبل سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جاتے تھے۔اعلامیہ کے مطابق سیکنڈ الیون ٹیموں کے مابین کھیلی جانے والی کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ میں شامل میچز کا دورانیہ تین سے بڑھا کر چار روز تک کردیا گیا ہے تاہم ان میچز کا اسٹیٹس نان فرسٹ کلاس ہی رہے گا۔ یہ ٹورنامنٹ بھی اب ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔اعلامیہ کے مطابق تمام ایسوسی ایشنز کی سیکنڈ الیون ٹیموں پر مشتمل کرکٹ ایسوسی ایشن چیلنج بھی اب ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ میں بھی اب ہر ٹیم 10 میچز کھیلے گی۔

اعلامیہ کے مطابق اس سے قبل سی سی اے انڈر 19 ٹورنامنٹ(21 مئی تا 4 جون)، سی اے ڈویڑنل انڈر 19 ٹورنامنٹ (10 تا 17 جون)، سی سی اے سینئر ٹورنامنٹ (19جون تا 21 جولائی) اور نیشنل انڈر 19 کپ (28 جون تا 8 جولائی) بھی کھیلے جاچکے ہیں جبکہ نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ 25 جولائی سے 23 اگست تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے نئے ڈومیسٹک کیلنڈر کو تیار کرتے وقت کوشش کی ہے کہ نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو مسابقتی اور چیلنج سے بھرپور مقابلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ندیم خان نے کہا کہ گزشتہ سال انہوں نے ہر کرکٹ ایسوسی ایشن کو انڈر19 کرکٹ میں اپنی دو ٹیموں کو اتارنے کی اجازت دی تھی اور اس مرتبہ وہ تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سیکنڈ الیون ٹیموں کے تینوں ٹورنامنٹس کو ڈبل لیگ کی بنیاد پر منعقد کروارہے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ وہ نان فرسٹ کلاس میچز کا دورانیہ بھی تین سے بڑھا کر چار روز تک کررہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ میچز کے نتائج آسکیں۔

اسی طرح انڈر 19 ایونٹس پہلے مکمل کروانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ان ایونٹس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ یا سیکنڈ الیون ٹیموں میں صلاحیتوں کے اظہارکے مواقع مل سکیں۔ ندیم خان پرامید ہیں کہ رواں سال بھی نوجوان کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد اس ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں عمدہ کارکردگی کی بدولت اپنا نام بنائے گی جو پاکستان کرکٹ کے پول میں اضافے کا سبب بھی بنیں گے۔ڈومیسٹک کیلنڈر برائے 23ـ2022 کے مطابق نیشنل ٹی ٹونٹی 30 اگست تا 19 ستمبر راولپنڈی اور ملتان میں کھیلا جائیگا ،کرکٹ ایسوسی ایشنز ٹی ٹونٹی2 تا 15 ستمبر کو کوئٹہ میں کھیلا جائیگا ،قائداعظم ٹرافی 27 ستمبر تا 30 نومبر ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں ہوگا ،کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ 27 ستمبرتا 23 نومبر ، ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلا جائیگی ،پاکستان کپ 10 دسمبرتا 3 جنوری تک کراچی جبکہ کرکٹ ایسوسی ایشنز چیلنج 10تا 29 دسمبر کو کراچی میں کھیلا جائیگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں