ہمایوں اختر خان

پنجاب کے عوام کو مینڈیٹ کا واپس ملنا وفاق میں قائم امپورٹڈ حکومت سے نجات ملنے کی جانب اہم پیشرفت ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو مینڈیٹ کا واپس ملنا وفاق میں قائم امپورٹڈ حکومت سے نجات ملنے کی جانب اہم پیشرفت ہے ،حکمران اتحاد ہر محاذ پر شکست کھا چکا ہے اس لئے اب عوام کے سامنے مزاحمت کی بجائے فوری طور پر عام انتخابات کا اعلان کیا جائے ، اگر ملک کومشکلات کی دلدل سے باہر نکال کر درست سمت میں گامزن کرنا ہے توبغیر کسی تاخیر کے صاف اور شفاف انتخابات نا گزیر ہیں۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو کرپشن کے خلاف اور اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے کا جو شعور دیا ہے اس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ، آج لوگ کرپشن کو برا بھی سمجھتے ہیں اوراس کے خلاف جرات سے بات بھی کرتے ہیں جبکہ ضمنی انتخابات میں عوام نے اپنے ووٹ کا درست استعمال کر کے اپنے سیاسی شعور کا بھی ثبوت دیا ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ملک آج معاشی طو رپر انتہائی مشکلات کا شکار ہے اور اسے ان حالات سے باہرنکالنے کا واحد حل صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے جس کی طرف فوری پیشرفت کی جانی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کی بحالی اور ترقی کے لئے اصلاحات جیسے جس مشکل ہدف پر کام شروع کیا تھا حکمران اتحاد نے اسے آگے بڑھانے کی بجائے اسے تعطل کا شکار کر دیا ہے اور وقت پورا کرنے کیلئے چل چلائو اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں پر انحصار کیا جارہا ہے جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کا بے قابو ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ حکومت کے پاس معیشت کو سمت دینے کیلئے کوئی پالیسی نہیں ، ہماری صنعتی پیداوار کم ہو رہی ہے ، معیشت کو ترقی دینے والے تمام شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں جس کے اثرات معاشی بد حالی کی صورت میں سامنے آرہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں