شیخ رشید احمد

زمینی طاقتیں 15 حکمران جماعتوں کے ساتھ ہیں ،آسمانی طاقت اور عوام عمران خان کے ساتھ ہیں، شیخ رشید احمد

راولپنڈی (گلف آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ زمینی طاقتیں 15 حکمران جماعتوں کے ساتھ ہیں ، آسمانی طاقت اور عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات اور ایکسپورٹ کم ہو رہی ہیں، وزیر خزانہ ایک ہفتے ٹیکس لگاتے ہیں اور دوسرے ہفتے اٹھا لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک کی ساری آئینی ترامیم ملک کیلئے نہیں اپنی ذات اور مفاد کیلئے کی گئی ہیں، حتیٰ کہ قرضے کے لیے بھی آرمی چیف کو فون کرنے پڑ رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاستدان اپنے گندے کپڑے میڈیا میں دھو رہے ہیں، یہ سیلاب کی فوٹو کھنچوانے پر زور اور اسٹیٹ بینک کا گورنر مقرر کرنے کا وقت نہیں ہے۔شیخ رشید نے لکھا کہ زمینی طاقتیں 15 حکمران پارٹیوں کے ساتھ ہیں جبکہ آسمانی طاقت اور عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مفروضوں اور تضادات کے پیچھے شریفوں اور زرداری کا چہرہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں