سندھ ہائی کورٹ

احتساب عدالتوں میں ججز کی کمی، وفاقی حکومت کو 12 ستمبر تک مہلت

کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کی احتساب عدالتوں میں ججز کی کمی سے متعلق نوٹس کی سماعت کے دوران ججز کی تقرری پر جواب جمع نہ کرانے پر اظہارِ برہمی کیا ہے اور وفاقی حکومت کو اس حوالے سے 12 ستمبر تک مہلت دیدی ہے۔عدالتِ عالیہ نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر کہا گیا تھا کہ تقرری کے لیے سمری صدرِ مملکت کو بھیج دی گئی ہے۔جسٹس جنید غفار نے کہا کہ ہر سماعت پر نیا ڈپٹی اٹارنی جنرل آ جائے گا تو کیس نہیں چلائیں گے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی میں کیوں تاخیر ہو رہی ہے ؟نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ 3 نمبر کورٹ کے جج کی مدتِ ملازمت ختم ہو چکی ہے اور کورٹ خالی ہے، اسی عدالت میں تقریبا 40 ریفرنسز زیرِ التوا ہیں، مزید 5 عدالتیں قائم کی گئیں لیکن صرف کورٹ نمبر 6 کام کر رہی ہے، وفاقی حکومت کا جواب آ جائے پھر فیصلہ کر دیں گے۔

نیب حکام نے بتایا کہ کراچی میں 10 احتساب عدالتیں قائم ہیں جن میں سے صرف 4 عدالتیں اس وقت کام کر رہی ہیں۔سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو جواب کے لیے 12 ستمبر تک مہلت دے دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں