سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ،بابرغوری کیخلاف خفیہ انکوائریوں اورانوسٹی گیشنزکی مکمل تفصیلات طلب ،فریقین کو 4 اکتوبر کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم

کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیوایم کے رہنما بابرغوری کیخلاف خفیہ انکوائریوں اورانوسٹی گیشنزکی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔ منگل کوسندھ ہائی کورٹ میں ایم کیوایم رہنما بابرغوری کے خلاف جاری خفیہ انکوائریوں اور انوسٹی گیشن کے معاملے پرسماعت کے دوران عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے سابق وفاقی وزیربابرغوری کے خلاف جاری خفیہ انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے فریقین کو 4 اکتوبر کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔جسٹس کے کے آغا نے پوچھا درخواست گزار اس وقت کہاں ہے؟ شبیر شاہ ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ وہ اس وقت دبئی میں ہیں۔عدالت نے کہا کہ بابرغوری کو عدالت میں پیش ہونا چاہیے تھا۔

وکیل درخواست گزار شیرشاہ ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ بابرغوری جب کراچی ائیرپورٹ پہنچے تو انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے گرفتاری کے تین دن بعد باہرغوری کو بے گناہ قرار دے دیا تھا۔عدالت نے پوچھا کہ اب اس عدالت سے آپ کیا چاہتے ہیں؟شبیرشاہ ایڈووکیٹ نے جواب دیا بابرغوری کے خلاف جو بھی خفیہ تحقیقات جاری ہیں تفصیلات طلب کی جائیں۔

واضح رہے کہ بابرغوری نے سندھ ہائیکورٹ سے نیب ریفرنس اور منی لانڈرنگ کیس میں حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔ بیرون ملک واپسی پر انہیں کراچی ایئر پورٹ سے سات جولائی کو گرفتارکیا گیا تھا۔گرفتاری پر پولیس کے خلاف توہین درخواست دائر کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں