اسلام آباد ہائیکورٹ

پی پی پی ،(ن)لیگ پارٹی فنڈنگ کیسز کے فیصلے جلد کر نے کی درخواست پر دستاویزات جمع کرانے کیلئے وقت کی استدعا پر سماعت ملتوی

اسلام آباد (گلف آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے پارٹی فنڈنگ کیسز کے فیصلے جلد کرنے سے متعلق درخواست میں وکیل درخواست گزار کی جانب سے مزید دستاویزات جمع کرانے کیلئے وقت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی پارٹی فنڈز کی تحقیقات سے متعلق پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے انورمنصور ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ اس عدالت کے ڈویژن بینچ نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن لیول پلینگ فیلڈ دے گا، عدالت نے الیکشن کمیشن سے توقع کا اظہار کیا تھا تمام جماعتوں کے کیسسز کو ایک نظر سے دیکھے گا، چیف جسٹس نے کہاکہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے،وکیل نے کہاکہ سپریم کورٹ کہتی ہے ایڈمنسٹریٹو باڈی ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ اسلام آبادہائیکورٹ پہلے ہی کہہ چکی کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک کرے،عدالت تمام آئینی اداروں کا احترام کرتی ہے،عدالت الیکشن کمیشن کو کیسے ریگولیٹ کرسکتی ہے ؟،

آپ کو الیکشن کمیشن سے کوئی شکایت ہے تو پہلے الیکشن کمیشن سے رجوع کریں،الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پہلے عدالت کیسے حکم جاری کرسکتی ہے ؟اس موقع پر وکیل نے کہاکہ تھوڑا وقت دے دیں الیکشن کمیشن کے کاغذات بھی جمع کرادیتے ہیں، عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں