پاکستان

مقبوضہ کشمیر،بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل پر پاکستان کا اظہار مذمت

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان نے بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی جاری مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی برادری بھارت کو معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا ذمہ دار ٹھہرائے ۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ہے۔25 ستمبر کو ایک واقعہ میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے کپواڑہ کے قریب 2 معصوم کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج نے بے رحمی سے قتل کر دیا تھا، 26 ستمبر کو ایک اور واقعے میں ضلع کولگام میں ایک نام نہاد محاصرے اور تلاشی آپریشن کے بعد ایک اور معصوم کشمیری کو مار دیا گیا۔

ایک اور واقعہ 27 ستمبر کو ضلع کولگام میں ہی پیش آیا تھا جہاں مزید دو کشمیریوں کو نام نہاد پولیس مقابلے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا حتیٰ کہ گزشتہ روز بارہ مولہ میں جعلی مقابلے میں ٹارگٹ کرکے قتل کر دیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق نام نہاد محاصرے اور تلاشی آپریشن کے بعد کیے جانے والے جھوٹے مقابلے کے نتیجے میں کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل، قانون اور انصاف کے بنیادی اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور یہ معصوم کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کی پامالی ہے۔دفترخارجہ کے مطابق 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے تحت کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے سے لے کر اب تک 678 سے زائد بے گناہ کشمیری بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بے دردی سے شہید کیے جا چکے ہیں جبکہ رواں برس کم از کم 158 کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) کے دفتر کی اپنی 2018 اور 2019 کی کشمیر رپورٹس کی روشنی میں سفارش کردہ انکوائری کمیشن کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان عالمی برادری پر بھی زور دیتا ہے کہ وہ بھارت کو معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا ذمہ دار ٹھہرائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں