جمشید اقبال چیمہ

پی ڈی ایم حکومت کی خوشیاں قوم پر بہت بھاری پڑ چکی ہیں’ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ،فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ قوم وزیر خزانہ سے کسی خوشی کی متمنی نہیں کیونکہ پی ڈی ایم حکومت کی خوشیاں پہلے ہی بہت بھاری پڑ چکی ہیں، حکومتو ں کو غیر معمولی فیصلے کرنے کے لئے عوامی مینڈیٹ کی ضرورت ہوتی ہے تاہم اگر ضمنی انتخابات کے نتائج کا جائزہ لیا جائے تو پی ڈی ایم حکومت عوامی مینڈیٹ سے محروم ہے اس لئے یہ بڑے فیصلے کرنے کی جرات نہیں رکھتی ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عوام نے ہمیشہ عمران خان کے مطالبات کی توثیق کی ہے اور17جولائی کے بعد16اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں بھی عوام نے عمران خان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے تصدیق کی مہر ثبت کر دی ۔

انہوںنے کہا کہ وفاق میں بیٹھے حکمران جو مرضی کر لیں انہیں بالآخر عوام کا جلد انتخابات کا مطالبہ تسلیم کرنا پڑے گا، اس وقت معیشت ہچکولے کھا رہی ہے اور اسے استحکام دینے کے لئے عمران خان جیساوژن رکھنے والا لیڈر ہی دلیرانہ فیصلے کر سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی کوشش ہے کہ قوم ساری زندگی بھکاری رہے اس لئے انہوں نے اپنی ساری توجہ کرپشن کرنے اور قرضے مانگنے پر مرکوز کر رکھی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں