تھامس ویسٹ

پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، تھامس ویسٹ

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا کے نائب معاون وزیر خارجہ تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، اور ہم مل کر کام کرتے رہیں گے۔افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے اور نائب معاون وزیر خارجہ تھامس ویسٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ گزشتہ سال کے دوران پاکستان کے خلاف ٹی ٹی پی کے حملوں میں کافی اضافہ دیکھا ہے اور یہ تشویش کی بات ہے۔نائب معاون وزیر خارجہ تھامس ویسٹ نے کہا کہ طالبان کا ایمن الظواہری کو پناہ دینا دوحہ معاہدے کی کھلی خلاف ورزی تھی، امریکی حکام اور طالبان نمائندوں نے دوحہ میں پہلی بار آمنے سامنے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ بات چیت میں انسانی حقوق پر تشویش کا اظہار ضرور کرتے ہیں، طالبان کے ساتھ دہشت گردی پر بھی تفصیل سے بات کی، القاعدہ کے حوالے سے خدشات اور داعش سے لڑنے کے لیے طالبان کی کوششوں پر بات کی۔افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے کا کہنا ہے کہ دو ہفتے قبل پاکستان میں ڈھائی دن قیام کیا، افغانستان میں مشترکہ مفادات کے حوالے سے بات چیت ہوئی، اسلام آباد میں سیکیورٹی اور سویلین عہدیداروں سے بات کر کے خوشی ہوئی، پاکستان کے جوہری اثاثوں سے متعلق مزید کچھ کہنے کو نہیں،تھامس ویسٹ نے کہا کہ 40 سال تک افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر کا بھی شکریہ جس نے پناہ گزینوں کی مدد کی۔

امریکا کے نائب معاون وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک نے افغان عوام کے لیے 15 ارب ڈالر فراہم کرنے کا اقدام کیا ہے، میٹنگز میں پاکستان کو کالعدم ٹی ٹی پی سے درپیش چیلنجز کا ذکر ہوتا تھا، پاکستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے حملوں میں اضافہ ہوا، یہ تشویش کی بات ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں طالبان کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہوں، ہمیں طالبان کے ساتھ رابطے میں سہولت کے لیے کسی تیسرے ملک کی ضرورت نہیں، امریکی حکومت میں میرے دوسرے ساتھی اور اراکین بھی طالبان سے رابطے میں ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ ڈائیلاگ براہ راست ہونے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں