میاں اسلم اقبال

لانگ مارچ بیرونی ایجنڈے کے تحت مسلط ہونے والے حکمرانوں کے عزائم کو ناکام بنائے گا’میاں اسلم اقبال

لاہور (گلف آن لائن)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ بیرونی ایجنڈے کے تحت مسلط ہونے والے حکمرانوں کے عزائم کو ناکام بنائے گا، پاکستان ایٹمی قوت عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بنا، ڈر ہے کہ کہیں بیرونی ایجنڈے کے تحت آئے حکمران اس کی سوداگری نہ کر دیں، نہتے کشمیری بھارتی افواج کی بربریت اور ظلم کا نشانہ بن رہے ہیں،قوام متحدہ اور عالمی حقوق کی تنظیمیںسو رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف یوم سیاہ کے حوالے سے چیئرنگ کراس پر ریلی کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی ، کشمیری رہنما مشتاق احمد ، دیوان غلام محی الدین اور لوگوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ 75سال قبل آج ہی کے دن بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا۔ ہر آنے والادن مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے لئے مشکلات بڑھا رہا ہے۔ بھارت نے کشمیر پر لاک ڈائون کر کے اسے دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا ہے۔ نہتے کشمیری بھارتی افواج کی بربریت اور ظلم کا نشانہ بن رہے ہیں۔ لیکن اقوام متحدہ اور عالمی حقوق کی تنظیمیںسو رہی ہیں۔عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر اپنی آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیںگی اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

سینئر صوبائی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ معروف صحافی ارشد شریف کے قتل پر ہر آنکھ اشک بار ہے۔ یہ کسی کو فائدہ پہنچانا کا نہیں بلکہ انسانی جان کا مسئلہ ہے ، فیصل واوڈ کی پریس کانفرنس کے حوالے سے ان سے ہی وضاحت طلب کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پرامن لانگ مارچ ہوگا۔ لانگ مارچ کے حوالے سے کچھ کارڈ ایسے ہیں جو بعد میں سامنے آئیںگے۔ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ ہوگا جو پاکستان کے مستقبل کا تعین کرے گا۔ پوری قوم انصاف کی بالا دستی کے لئے لانگ مارچ میں حصہ لے گی۔ یہ لانگ مارچ بیرونی ایجنڈے کے تحت مسلط ہونے والے حکمرانوں کے عزائم کو ناکام بنائے گا۔ وفا ق میں بیٹھے حکمرانوں کا بیرونی ایجنڈا بہت خطرناک ہے۔ لگتا ہے کہ کرائم منسٹر بیرون ممالک ہماری غیرت اور آزادی کا سودا کرنے جارہے ہیں۔ عوام کو ان پر نظر رکھنی ہے۔ پاکستان ایٹمی قوت عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بنا ہے۔ ڈر ہے کہ کہیں خدا نخواستہ بیرونی ایجنڈے کے تحت آئے حکمران اس کی سوداگری نہ کر دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں