لاہور(نمائندہ خصوصی) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کیلئے روایتی طریقوں کو چھوڑ کر اصلاحات کی جانب گامزن ہونا ہوگا ،ٹیکسز کے نفاذ اور اسے اکٹھا کرنے کے طریق کار کوتبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارا آج بھی یہی مطالبہ ہے کہ ٹیکسز کی شرح کو کم رکھا جائے اورنئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایاجائے ۔
حکومت ٹیکسز کے نفاذ اوراسے اکٹھا کرنے کیلئے کامیاب ممالک کے ماڈل کواپنائے اورانہی ممالک کی طرز پر ٹیکس دہندگان کوسہولیات بھی فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عام عوام سمیت تمام شعبوں سے بالواسطہ اوربلا واسطہ کئی طرح کے ٹیکسز وصول کررہی ہے لیکن اس کے باوجود معاشی حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی جو لمحہ فکریہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری حالات جتنے بھی خراب ہوں لیکن تاجر باقاعدگی سے ٹیکس کی ادائیگی کرتے ہیں اس کے باوجو د تاجروںکے مسائل حل کئے جاتے ہیں اور نہ انہیں کوئی سہولیات میسر ہیں، اس کے برعکس دوسرے ممالک میں ادارے ٹیکس دینے والے تاجروں سے خود رابطے کر کے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہیں ۔