چوہدری نثار

چوہدری نثار نے دوبارہ سیاسی سرگرمیاں شروع کردیں، این اے 59اورپی پی10سے الیکشن لڑنے کا اعلان

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)سابق وفاقی وزیرداخلہ و سینئر سیاستدان چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں کہ تصوربھی نہیں کیاجاسکتا موجودہ حکمران جماعتیں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف ملک بچانے کی بجائے اپنی توانائیاں پنجاب میں سیاست پر خرچ کررہی ہیں انکی نظریں صرف اس پرلگی ہیں کہ پنجاب میں کس کو وزارت اعلی پر بٹھاناہے اورکسے اتارنا ہے چار،پانچ سال کی سیاسی خاموشی کے بعد سیاسی طور پر سیاسی جدوجہد کا دوبارہ آغازکردیا ہے حلقہ این اے 59اور صوبائی حلقہ پی پی10سے میں خودالیکشن لڑونگا اور حلقہ پی پی12اورپی پی 13سے اپنے امیدوار کھڑے کرﺅنگا

ان خیالات کااظہار انہوں نے مورگاہ کے علاقے میں سابق چیئرمین یونین کونسل مورگاہ خان جمیل احمدخان کے ڈیرے پر منعقدہ بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی نے کہا کہ سیاسی طورپرگوشہ نشین تھا آج سیاست کاآغاز اسی جگہ سے کررہا ہوں جہاں میں نے اپنی خدمت کے نشان چھوڑے ہیں ،اس حلقے نے مجھے بہت عزت دی 2002اور2008کے الیکشن میں یہاں دل کھول کر فنڈ دیے پانی کا مسئلہ یہاں کاسب سے بڑا مسئلہ تھا اسلام آباد سے پانی کی لائن لیکر آئے ،گیس کی فراہمی کےلئے بڑی پائپ لائن ڈلوائی اب سردیوں میں بھی گیس کامسئلہ نہیں بنتا،اس کے علاوہ بجلی کے سب سے زیادہ ٹرانسفارمر اس یونین کونسل مورگاہ میں لگوائے سڑکیں گلیاں بنوائیں اربوں روپے کے فنڈز اس یونین کونسل پر لگائے مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ گزشتہ چارسالوں میں کسی نے ان سڑکوں کی مرمت تک نہیں کرائی یہاں سے جو ہمارے مخالفین ہیں انہوں نے صرف PIAکو تباہ کیا جعلی ڈگریوں کا ڈھنڈورا پیٹ کر پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کرائی،

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آج کہ سیاست میں عزت نہیں ہے جس پارٹی کو بنانے میں پورا کردار تھا اب اس پارٹی میں کوئی قیادت کیخلاف بات نہیں کرسکتا یہی حال تحریک انصاف اورپیپلز پارٹی کا ہے وہاں تنقید برداشت نہیں کی جاتی،اس وقت صورتحال یہ ہے کہ تحریک انصاف اورمسلم لیگ ن کی سیاست دشمنی میں بدل چکی ہے میں ایسا نہیں کرسکتا، میرے ذہن میں خاکہ ہے اس لیے الیکشن لڑرہا ہوں جیتنے کے بعد اس کااظہارکرﺅنگا،میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے ووٹ کا تحفظ کرﺅنگا،آپ کو کبھی شرمندگی نہیں ہوگی کہ میں نے آپ کے ووٹ کی پاسداری نہیں کی،

انہوں نے کہا کہ کہ اس وقت ملک شدید خطرات سے دوچار ہے عوام کو خوشیاں دینا ہمارا کام ہے مگر اس وقت سب ایک دوسرے سے دست و گریبان ہیں اس وقت قومی خزانے میں ساڑھے چھ سے سات ارب ڈالر پڑے ہیں جو خطرے کی گھنٹی ہیں ہمارامعاشرہ تنزلی کاشکار ہے انہوں نے کہا کہ اپنے حلقہ انتخاب میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کرائے میں آپ سے کہتا ہوں ادھر ادھر نہ دیکھیں میں آپ کے ایمان کو ٹھیس نہیں لگنے دونگا۔

اس موقع پر تقریب کے میزبان خان جمیل احمد خان نے چوہدری نثارعلی خان کو جلسہ میں آمد پر خوش آمدید کہا اور یونین کونسل مورگاہ میں چوہدری نثارعلی خان کی جانب سے کرئے گئے کاموں جن میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کی فراہم کاحل کرانا تھا اس کے علاوہ حلقے میں 12ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور سوئی گیس کی بڑی لائن ڈلوانے جیسے منصوبوں کا ذکرکیا کہ ان کاموں کی وجہ سے چوہدری نثارعلی خان آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں اوریہاں کے لوگ ان کے علاوہ کسی کو ووٹ نہیں دینگے،

جلسہ گاہ میں جن معززشخصیات نے شرکت کی ان میں وائس چیئرمین مورگاہ چوہدری محمد گلفام،سابق ناظم حاجی میرافسر،حمیدخان جدون،سابق کونسلر چوہدری طارق تنویر،راجہ بابرنصیر،راجہ فدا،ملک منصوراحمد،چوہدری ظہیراخترایڈووکیٹ،قاسم خان ایڈووکیٹ،ملک شہزاد سیاسی و سماجی ورکرز سمیت اہلیان مورگاہ نے کثیرتعدادمیں شرکت کی چوہدری نثارعلی خان کی آمد پر ان پرپھولوں کی پتیاں نچھاورکرکے انہیں خوش آمدید کیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں